|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2020

کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اخبار فروشوں کی فلاح وبہبود اور ان کو مالی معاونت کی فراہمی کے لئے ریوائزڈ پالیسی 2020ء آف ہاکرز ویلفیئرز فنڈز کی منظوری دے دی گئی، کابینہ نے بلوچستان میں توانائی کی پالیسی، پروگرام اور پروجیکٹس کے بہتر نفاذ اور توانائی کے دستیاب پیداواری ذرائع کو باہم مربوط کرنے۔

صوبے بھر میں توانائی سے متعلق نجی شعبہ کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کے لئے ڈرافٹ بلوچستان پاور ڈویلپمنٹ بورڈ ایکٹ 2020ء کے ڈرافٹ کی منظوری دے دی، کابینہ نے ضلع پنجگور میں کھجور کی بہتر پروسیسنگ کے لئے تعمیر ہونے والے پلانٹ کے لئے فنڈز کی منظوری بھی دی، کابینہ نے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں صوبے میں نئے سب ڈویڑنز کے قیام کے حوالے سے صوبائی وزیر ریونیو کی سربراہی میں کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامی امور احسن طریقے سے دیکھنے کے لئے سینئر ممبر آف بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری قانون، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور ڈویڑن کی سطح پر مذکورہ کمیٹی میں ایک ممبر شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا، کابینہ نے میچنگ گرانٹ فار نیشنل رسپانس اینڈ ریزیلینس پلان فار کووڈ۔19اینڈ نیشنل اکیوٹیبل ایجوکیشن پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے مزید غورخوض کرنے اور ایک پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا۔

کابینہ نے محکمہ آبپاشی کی ترقیاتی اسکیموں کے نام کو تبدیل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ کابینہ نے بلوچستان آرٹس کونسل ایکٹ 2018ء میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے بورڈ کی تشکیل میں چند تبدیلیوں کی تجاویز بھی دی۔ کابینہ نے کوئٹہ میں سرکاری رہائشی سہولیات کے حوالے سے (پراسیجر فار الاٹمنٹ) رولز، 2009ء کی بھی منظوری دے دی۔

ترمیم کے تحت مذکورہ رولز میں رہائشی الاٹمنٹ کے لئے ریٹائرہونے والے شخص کی بیٹی کے نام پر بھی الاٹمنٹ ہوسکے گی جس کا ذکر اس سے قبل مذکورہ رولز میں نہیں تھا، کابینہ نے بلوچستان جوڈیشل اکیڈیمی (کنٹریبیوٹری پروویڈنٹ فنڈز رولز2019ء اینڈ پنشن رولز 2019ء کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ نے محکمہ صحت میں میڈیکل آفیسرز، لیڈی میڈیکل آفیسرز، ڈینٹل سرجن، اسٹاف نرس، سپیشلسٹ کیڈر پوسٹ اینڈ ٹیچر کیڈر پوسٹ آف میڈیکل کالجز اورٹیچنگ ہسپتالوں میں ایڈہاک اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر تقرری کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے 8ٹیچنگ ہسپتالوں کی فعالیت کی منظوری بھی دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بہترین مالی وانتظامی نظم ونسق کے نفاذ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تعلیم، صحت اور کھیل سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لئے جامع حکمت کے تحت تمام اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس سے مجموعی طور عوام کا معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ صوبہ میں خوشحالی آئے گی۔