|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2020

اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کو ہماری ضرورت ہوگی،بلوچستان میں پہلا کینسر ہسپتال بنانے جارہے ہیں،سپیکر بلوچستان کے ساتھ اب اختلافات نہیں ہیں،کورونا کے خلاف صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے لاہور کو حسین وجمیل بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کا شہبازشریف سے موازانہ نہیں کیا جاسکتا۔شہبازشریف نے بہت خوبصورت کام کئے ہیں۔بلوچستان کے اندر محکمہ جات میں بہت کرپشن ہے مگر محکمہ صحت کرپشن کا گڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ہماری حکومت بلوچستان کے اندر پہلا کینسر ہسپتال بنانے جارہی ہے۔کرپشن کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت وفاق اور صوبوں میں جو کام کر رہی ہے وہ بتا نہیں پارہی۔انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات میں کہا کہ بلوچستان کے اندر کوئی بڑا آپریشن ہونے نہیں جارہا ہے ہم عوام کے خلاف آپریشن کے بجائے مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں،ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے اس کے تحت کام کر رہے ہیں،کسی سے ذاتی اختلافات نہیں ہیں۔مفاہمت کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں،تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لیکر حکومت کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔قومی اتفاق رائے کے تحت حکومت کرو اور کرنے دو کی پالیسی پر گامزن ہوں۔

سپیکر کے ساتھ تعلقات بہت بہتر ہیں،صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہا ہوں،سپورٹس سے میری گہری دلچسپی ہے،صوبے میں اس کو ترقی دوں گا۔33سپورٹس کے سٹیڈیم میں 20فٹبال کے ہیں۔سکواش کا ٹورنامنٹ منعقد ہوگا۔جیپ ریلی میں حصہ لینا چاہتا ہوں مگر عوام کی تنقید کا خطرہ ہے۔تمام محکمہ جات سے کرپشن ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنا چاہتا ہوں۔

بلوچستان ایک حساس صوبہ ہے،اس میں مختلف ایجنسیاں،پولیس اور حساس ادارے کام کر رہے ہیں،مگرصوبے میں کوئی بڑا آپریشن ہونے نہیں جارہا،آئندہ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کو ہماری مدد کی ضرورت ہوگی۔تحریک انصاف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے مگر اپنے جاری منصوبہ جات کو وہ عوام میں بہتر انداز میں پیش نہیں کرسکے ہیں۔اپنے منصب کے ساتھ انصاف کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔کوشش کرتا ہوں کہ عوامی توقعات پر پورا اتروں۔