|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2020

کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے وفاقی حکومت سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں گیس پریشر کی کمی دور کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔صوبائی حکومت گیس پریشر کی کمی کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے انہوں نیکہا کہ زیارت صوبے کا ایک خوبصورت اور دلکش سیاحتی مقام ہے۔

جہاں بیرون اور اندرون ملک سے سال بھرسیاح آتے ہیں۔وہاں بھی عوام کو گیس پریشر کی کمی کا سامنا ہے جبکہ وہاں کے سینکڑوں لوگوں کا روزگار بھی سیاحت سے منسلک ہے لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبائی حکومت گیس پریشر بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے علاقے سریاب روڈ کے دونوں اطراف سے نئے 8انچ گیس پائپ لائن بچھانے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے اس منصوبے کی تکمیل سے کوئٹہ شہرمیں گیس کی کمی کا مسئلہ بہت حدتک حل ہو جائے گا۔