|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبائی و زیر نے 4اضلاع کے شارٹ لسٹڈ اساتذہ کے تعیناتی کے آرڈرز آج جمعہ تک جبکہ 14اضلاع کے ایک ہفتے میں اور دیگر اضلاع کی لسٹیں ملنے کے بعد جاری کرنے جانے کی یقین دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے صوبائی صدر رحمت اللہ یاسین کی قیادت میں نمائندہ وفد نے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے ملاقات کی۔

وفد میں ٹیچرز فورم کے جنرل سیکرٹری مقبول احمد، سینئر ممبر عبدالصمد رند اور محمد علی بھی شامل تھے۔ آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے صوبائی صدر رحمت اللہ یاسین زئی کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ 18اضلاع کی لسٹیں مکمل ہوچکی ہیں جن میں سے 4اضلاع کے اساتذہ کے آرڈرز آج جمعہ تک جاری کئے جائیں گے جبکہ دیگر 14اضلاع کے اساتذہ کی لسٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد ایک ہفتے تک ان کے آرڈز بھی جاری کردیئے جائیں گے۔

تاہم دیگر اضلاع کی لسٹیں ملنے کے بعد ان اساتذہ کی تعیناتی کے آرڈز جاری ہوں گے۔ رحمت اللہ یاسین زئی کے مطابق انہیں یقین ہے کہ جلد ہی شارٹ لسٹڈ اساتذہ کی تعیناتی کے آرڈرز جاری کئے جائیں گے اور وہ دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں گے۔