|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2020

کوئٹہ: زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمدشاہوانی،جنرل سیکرٹری ملک عبدالرحمن بازئی،کاظم خان،سیدقہار آغا،افضل بنگلزئی،نوراحمدبلوچ،حاجی ولی محمد ودیگرنے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ کیسکو کے آپریشنل ڈائریکٹر نے بار ہا رابطہ کیاہے کہ کیسکو کو سبسڈی کی عدم ادائیگی کی صورت میں بجلی کی فراہمی کو کم کرکے 2گھنٹے کیاجائے گا۔

لہٰذا حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کیسکو کی واجب الادا سبسڈی کی فوراََ سے پیشتر ادائیگی یقینی بنائی جائیں اگر کیسکو کی جانب سے بجلی کادورانیہ کم کیا گیا تو زمینداروں کو گندم کی کاشت میں نقصان اٹھانا پڑے گاکیونکہ گندم کی کاشت کیلئے صرف 15دن رہ گئے اگر یہ دورانیہ گزار گیا تو بالائی علاقوں میں گندم کی کاشت ممکن نہیں ہوگی جبکہ زمیندار پہلے سے خشک سالی اور ٹڈی دل جیسے قدرتی آفت کی وجہ سے اربوں روپے کانقصان اٹھا چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر سبسڈی کی عدم ادائیگی پر فیڈرز بند یا بجلی دورانیہ کم کیا گیا تو اس تمام تر صورتحال کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پرعائد ہوگی۔انہوں نے کہاکہ زمیندارایکشن کمیٹی نے اس سے قبل احتجاج اور روڈوں کی بندش کو اس لئے موخر کیاتھا کہ حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل ہوئی۔

جو زمینداروں کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرتی لہٰذا حکومت سے اپیل ہے کہ زمینداروں کو دوبارہ احتجاج پرمجبور نہ کیاجائے،انہوں نے صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی سے اپیل کی کہ بحیثیت کمیٹی چیئرمین ہنگامی صورتحال کانوٹس لیں اور کیسکو کو وفاق اورصوبوں کی جانب سے سبسڈی کے معاملے پر پیشرفت کیلئے کرداراداکرے۔

انہوں نے زمینداروں پرزوراور سخت تاکید کی گئی ہے کہ وہ 2دن کے اندر اندر بجلی کے بلوں کے بقایاجات فوری طورپر ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ اگر ٹیوب ویلز کی بلوں کی عدم ادائیگی پر کوئی فیڈر بند ہوا تو اس سلسلے میں زمیندار ایکشن کمیٹی اپنا کردارادا کرنے سے قاصر ہوگی۔اس سلسلے میں زمینداروں کی جانب سے نمائندہ وفد آپریشنل ڈائریکٹر کیسکو سے آج ملاقات کرکے صورتحال پر تبادلہ خیال کریگی۔