|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2020

ڈیرہ اللہ یار /جعفر آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی حقیقی ترقی و خوشحالی کی خواہاں ہے ہماری جدوجہد بلوچ قومی حقوق کے حصول کی خاطر ہے نیم قبائلی و جاگیردارانہ نظام بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ہے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سامنے 6 نکات جو قومی و اجتماعی مفادات کے حصول کی خاطر ہیں اس سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے اقتدار کو ٹھوکر مار کر لاپتہ افراد کی بازیابی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے طویل و مسلسل جدوجہد کی۔

ان خیالات کا اظہار ضلعی کنونشن جعفر آباد کے موقع پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ و دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اعزازی مہمان پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری ایم پی اے و پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی‘ مرکزی کمیٹی کے ممبر میر خورشید جمالدینی تھے ضلعی کونسل کی صدارت کے اجلاس ضلعی صدر دھنی بخش مینگل نے کی جبکہ اجلاس کی کارروائی‘ ضلعی سیکرٹری رپورٹ محمد عالم جھکرانی نے پیش کی۔

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر میر غفور مینگل‘ میر نذیر کھوسو‘ ماما حیدر‘ پارٹی کے سینئر رہنماء میر سکندر شاہوانی‘ شاہ نواز مینگل‘ کوئٹہ کے سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی‘ کوئٹہ کے لیبر سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی‘ صاحبزادہ سیف اللہ‘ میر حاصل کشانی‘ لیاقت کھیازئی‘ الطاف بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ضلعی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اکابرین نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی حقیقی ترقی و خوشحالی کی جدوجہد کر رہی ہے۔

پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں ہمیشہ اصولی جدوجہد کی ہے ہمارے سامنے اقتدار‘ وزارتیں‘ مراعات اہمیت نہیں رکھتے 2018ء میں عوام نے جو مینڈیٹ دیا اس کا احترام کرتے ہوئے ان کے حقیقی جذبات و احساسات کی ترجمانی کرتے رہیں گے بلوچستان وطن کی پسماندگی و بدحالی کے ذمہ دار نیم قبائلی و جاگیردارانہ فرسودہ رشتے بھی ہیں آج نصیر آباد‘ جعفر آباد جو بلوچستان کے گرین بیلٹ ہے۔

زراعت کے حوالے سے پہنچانے جاتے ہیں آج یہاں بلوچ عوام کی حالات زار‘ پسماندگی‘ بدحالی‘ غربت کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ عوام کیلئے حکمرانوں نے کبھی کچھ نہیں کیا بلوچستان نیشنل پارٹی آج جس انداز میں پارٹی کی تنظیم کاری کر رہی ہے ماہی کولااچی‘ خان گڑھ سے جیونی تک بی این پی بڑی سیاسی جماعت ہے جو آج حقیقی حوالے سے منظم‘ مضبوط قومی جمہوری انداز میں جدوجہد کر رہے ہیں۔

ہمارے سامنے 6نکات کی اہمیت مفادات سے زیادہ ہے 6نکات بلوچستان کے جملہ مسائل کے حوالے سے ہیں آج ہم نے بلوچستان میں حقیقی قوم دوستی‘ وطن دوستی کا علم بلند کر رکھا ہے مقررین نے کہا کہ بی این پی سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے جو عوام کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ضلعی کنونشن کے آخر میں ضلعی انتخابات کرائے گئے جس کیلئے الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی۔

کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر شاہوانی‘ ممبران میں میر خورشید جمالدینی‘ عبدالغفور مینگل شامل تھے نتائج کے مطابق ضلعی صدر احسان کھوسہ‘ سینئر نائب صدر محمد عالم جھکرانی‘ نائب صدر منیر احمد مینگل‘ جنرل سیکرٹری بشیر احمد بلوچ‘ ڈپٹی سیکرٹری محمد امین مینگل‘ جوائنٹ سیکرٹری محمد رفیق بلوچ‘ انفارمیشن اینڈ کلچر سیکرٹری احسان تنیہ‘ فنانس سیکرٹری مرزا خان بلوچ‘ لیبر سیکرٹری گل بلوچ‘ خواتین سیکرٹری مسز عباس‘ کسان و ماہی گیر سیکرٹری نور پرکانی۔

ہیومن رائٹس سیکرٹری نصر اللہ لہڑی‘ پروفیشنل سیکرٹری صدام لانگو منتخب ہوئے نو منتخب کابینہ سے حلف بھی لیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ نو منتخب ضلعی کابینہ بی این پی کے اغراض و مقاصد کو گھر گھر پہنچانے سے کسی صورت دریغ نہیں کرے گی۔