|

وقتِ اشاعت :   November 22 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے یکے بعد دیگرے کامیاب جلسوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ عوام پی ڈی ایم اے کے ساتھ ہے حکومت عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے اخلاقی طور پر مستعفی ہوجائے، ملک میں جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالا دستی،عوامی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول تک پی ڈی ایم اپنے مشن پر کاربند رہے گی۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان،سندھ، خیبر پختونخواء، پنجاب کی عوام نے پی ڈی ایم کے جلسوں میں بھر پور انداز میں شرکت کر کے حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے چار جلسوں میں ثابت ہوگیا ہے کہ عوام کس کے ساتھ ہے اور وہ کیا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک بحرانوں کی دلدل میں دھنستا جارہا ہے مہنگائی، بے روزگاری، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے عوام پریشان ہیں۔

حکومت سوشل میڈیا کی حد تک کامیاب ہے لیکن زمینی کارکردگی صفر ہے غریب خودکشی کرنے پر مجبور ہے، مزدور اور تنخواہ دار طبقہ فاقے کاٹ رہے ہیں،صنعت کاراور سرمایہ کار وں کا سرمایہ ڈوب رہا ہے لیکن حکومت اس بات پر خوش دیکھائی دیتی ہے کہ سیمنٹ کی فروخت بڑھی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت صرف اپنے حواریوں اور مافیاؤں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کام کر رہی ہے۔

لیکن عوام نے اب فیصلہ کرلیا ہے کہ مزید اس حکومت کو برداشت نہیں کریں گے چاروں صوبوں کی عوام نے پی ڈی ایم کے بیانیے کر لبیک کہا ہے اور پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑی ہے حکومت کو چاہیے کہ عوام کا سمندر اپنے خلاف کھڑا دیکھ کر اسے خود ہی مستعفی ہوجا نا چاہیے۔جما ل شاہ کاکڑ نے کہا کہ حکومت غفلت کی وجہ سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اب وہ اسکا الزام بھی اپوزیشن کو ٹھہرا رہے ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ ہر ناکامی کا الزام اپوزیشن پر عائدکرنے کی بجائے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔