نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ امریکی عوام سے درخواست کریں گے کہ ان کے دور صدارت کے پہلے 100 دنوں میں چہرہ ڈھانپنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔
نیوز چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھی یقین ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ماسک پہننے سے ’بڑی حد تک کمی‘ واقع ہو سکتی ہے اگر ہر امریکی اسے پہننا شروع کر دے۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کی سرکاری عمارتوں میں ماسک پہننے لازمی قرار دیں گے۔
واضح رہے کہ وبا کے آغاز کے بعد سے امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زیادہ متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ پونے تین لاکھ افراد کی اس وبا سے جان چلی گئی ہے۔