|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2020

فیس بک کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران اس کے پلیٹ فارم پر کووڈ 19 ویکسین سے متعلق پوسٹ کیے جانے والے جھوٹے دعوے ہٹا دیے جائیں گے تاکہ ’فوری جسمانی نقصان‘ سے بچا جا سکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جب سے برطانیہ نے پہلی ویکسین کی استعمال کے لیے منظوری دی ہے اس وقت سے وہ اپنے انسٹاگرام اور فیس بک کے پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور جھوٹی معلومات پر پابندی عائد کرنے کے منصوبے تیز کر رہی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین سے متعلق ایسے جھوٹے دعوے ہٹائے گی ’جو طبی ماہرین کی جانب سے پہلے ہی جھوٹے قرار دیے جا چکے ہیں‘، جیسے ویکسین میں استعمال کیے جانے والے اجزا، ویکسین کے غیر محفوظ ہونے سے متعلق دعوے اور اس کے مضر اثرات وغیرہ۔

اس حوالے ایسے جھوٹے دعوؤں کو بھی پلیٹ فارم سے ہٹایا جائے گا جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ لوگوں میں ویکسین کے ذریعے مائیکروچپ نصب کی جائے گی۔