دنیا میں کورونا وائرس کی پہلی ویکسین 90 سال کی خآتون کو لگا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں آج سے کورونا وائرس ویکسینیشن پروگرام کا آغاز ہوا ہے جس میں کورونا کی پہلی ویکسین شمالی آئرلینڈ کی 90 سالہ خاتون مارگریٹ کینان کو لگائی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مارگریٹ کینان کو فائزر، بایو این ٹیک کی کورونا وائرس ویسکین لگائی گئی ہے۔
دوسری جانب کیینن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری ایک بیٹی، ایک بیٹا اور چار پوتے ہیں جبکہ میں اگلے ہفتے 91 برس کی ہوجاؤں گی۔‘
کیننان نے کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں دُنیا کی وہ پہلی انسان ہوں جسے کورونا وائرس ویکسین لگی ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں اب ناصرف بہترین طریقے سے اپنی 91ویں سالگرہ منا سکوں گی بلکہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ نئے آنے والی سال کی خوشیاں بھی مناؤں گی۔‘
برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ 70 اسپتالوں میں کورونا وائرس ویکسین لگائی جارہی ہے، امید ہے فائزر کورونا وائرس ویکسین کی اگلی کھیپ اگلے ہفتے مل جائے گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 79 لاکھ 38 ہزار 995 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 15 لاکھ 50 ہزار263 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 157 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 6 ہزار 130 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 70 لاکھ 23 ہزار 575 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔