|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2021

قلات: قلات میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ، پارہ منفی 14 تک گرگیا، ہربوئی میں درجہ حرارت منفی 18ریکارڈ، خون جمادینے والی سردی میں معمولات زندگی شدید متاثر، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پانی کی پائپ لائنیں جم کر پھٹ گئیں۔ پانی کی سپلائی معطل، گیس پریشر مکمل غائب، بجلی کی آنکھ مچولی جاری، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات قلات کے انچارج شیراحمد مینگل نے خبر رساں ادارے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قلات میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات میں درجہ حرارت منفی 14 ریکارڈ کیا گیا۔ اور کوہ ہربوئی میں درجہ حرات منفی اٹھارہ تک جا پہنچا۔ اس شدید سردی میں بھی گیس پریشر مکمل بند جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہیکہ ایک طرف یخ بستہ ہواوں کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ کئی عرصوں سے گیس پریشر کی بدستور مکمل بندش جاری ہے جس سے گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ خواتین کو امور خانہ داری میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہیکہ یہاں کے شہری ضروریات زندگی و خصوصا سردی سے بچاو و اپنی زندگیاں بچانے کیلئے گیس استعمال کرتے ہیں۔

قلات میں گیس پریشر کی بحالی کیلئے یہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے کی گئی کوششیں بھی بے سود ثابت ہوئی۔ مہنگائی کے باعث شہری ایل پی جی گیس، سوختی لکڑیاں خریدنے سے قاصر ہیں۔ عوامی حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وفاقی محتسب اعلی و دیگر ذمہ داران سے گیس بندش کی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔