|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2021

کوئٹہ: صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند نے کہا ہے کہ بحثیت ایک ذمہ دار قوم ہمیں ملکر پولیو کے خاتمے کے لیے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔موجودہ حکومت صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے اور اپنے مستقبل کے معماروں کے تحفظ کے لیے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد آگے آئیں۔

تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو مہم کے حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا ۔ان کا کہنا ہے کہ 11جنوری سے صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں پولیو سے نمٹنے کے لیے نہایت موثر اقدامات کیے جارہے ہیں او کرونا کی موجودہ صورتحال میں حفاظتی اقدامات آٹھاتے ہوئے ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے ۔

تمام بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائیں۔ پولیو کے تدارک کے لیے جہاں حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے وہاں عوام کی بھی زمہ داری ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بحیثیت زمہ دار شہری ہم پولیو جیسے موذی مرض پر قابو پائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین پر اجتماعی اور انفرادی طور پر یہ زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے اپنے بچوں کوہربار قطرے ضرور پلائیں۔

اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔جبکہ تمام مکتبہ فکر کے افراد چائیے وہ استاد ہوں،علماء ہوں،سب پر یہ زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر عوام میں آگاہی مہم تیز کریں۔

تاکہ حکومتی اقدامات موثر ثابت ہوسکیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے مزید کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں پولیو کا مرض ختم ہوچکا ہے لیکن یہ بیماری آج بھی ہمارے بچوں کو شکار بنارہی ہے وقت کی ضرورت ہے کہ ہم بھی اس مرض کو اپنے ملک اورصوبے سے ختم کریں اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں شامل ہوجائیں۔