|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہیں پی ڈی ایم کی آج لورالائی میں کامیاب اجتماع ہوگا عوام کا حکمرانوںپر اعتماد اٹھ چکا ہے پی ڈی ایم عوام پر مہنگائی کا جن مسلط کرنے معیشت کو تباہ اور ملک کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے والے حکمرانوں سے چھٹکارا دلا کر دم لے گی عوام کو سبز باغ دکھانے والے آج اپنے وعدوں کی تکمیل بھی نہیں کرسکے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز لورالائی میں عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا پی ڈی ایم کے زیر اہتمام آج لورالائی میں جلسے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی طرف سے ملک عبدالولی کاکڑ ودیگر نمائندگی کرینگے ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی شروع دن سے جدوجہد رہی ہے کہ اپنی عوام اور ان کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی جائے۔

ہم نے شروع دن میں عوامی مسائل کی بنیاد پر بی این پی کے سربراہ سردار ا ختر جان مینگل کے چھ نکات کے تحت وفاق کی حمایت کا اعلان کیا تھا لیکن بد قسمتی سے وفاق بلوچستان کے مسائل حل میں سنجیدہ نہیں تھا اور پارٹی فیصلے کے مطابق ہم الگ ہوگئے پی ڈی ایم کی جانب سے ملک میں جمہوریت کی بحالی آئین کی حکمرانی پارلیمنٹ کی بالادستی اور صاف وشفاف انتخابات کیلئے جدوجہد جاری ہے ۔

پہلے مرحلے میں ملک بھر میں جلسہ عام کے بعد پی ڈی ایم قیادت کی جانب سے ڈویژن کی سطح پر جلسوں کے شیڈول کے مطابق آج لورالائی میں پہلا جلسہ ہوگا لورالائی سمیت ژوب ڈویژن کی عوام جلسے میں بھر پو ر شرکت کریگی انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جدوجہد نا اہل وسلیکٹڈ حکمرانوں سے چھٹکارا دلانے کیلئے ہے۔

سلیکٹڈ حکمرانوں نے وطن عزیز کی معیشت تباہ کر دی اور الیکشن سے قبل عوام کو سبز باغ دکھانے والے آج یوٹرن لے رہے ہیں پی ڈی ایم کی قیادت حکمرانوں کے ناقص پالیسیوں کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں عوام پی ڈی ایم کاہاتھ مضبوط کریں اور ان نا اہل حکمرانوں سے چھٹکارا پانے کیلئے پی ڈی ایم تحریک کا حصہ بنے۔