|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2021

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے مبین خان خلجی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مشرقی بائی پاس اور کچلاک،پشین بائی پاس پر تجویز کردہ جگہوں کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگ زیب بادینی، ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے مزمل حسین ہالیپوٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عوامی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کے سب سے اہم مسئلہ رہائش کے شعبہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا ہے اور لوگوں کو کم قیمت پر مکانات فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ پائیدار جدید بنیادوں پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ہی ایک معیاری اسکیم کو مستقبل کے تقاضوں سے آراستہ کر سکتا ہے۔

اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر رہائشی منصوبے میں کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سستے مکانات کی فراہمی حکومت کی پالیسی کا ایک اہم جزو ہے تاکہ مکانات کی فراہمی کو مؤثر طریقے سے بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے سستے مکانات تمام تر جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گی، اور اس شعبے کے فروغ سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔