|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2021

گوادر: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مانبر ہاؤسنگ اسکیم میں مقامی لوگوں کی حق تلفی کے خلاف شہدائے جیونی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر مولابخش مجاہد، نائب صدر ساوتھ ویسٹ ریجن غلام مصطفٰی رمضان، تحصیل صدر امجد بہار اور صدر ساحل عوامی اتحاد گوادر چیف در محمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ اقرباء پروری، لوٹ کھسوٹ اور بدعنوانی کی وجہ سے یہاں کے مقامی لوگوں کی ہر شعبہ میں حق تلفی کی جارہی ہے۔

مانبر ہاوسنگ اسکیم کا منصوبہ شروع کرکے مقامی اور بے گھر لوگوں کو رہائشی پلاٹ فراہم کرنے کا مڑدہ سنایا گیا لیکن اس کی آڈ میں من پسند اور بیرون اضلاع سمیت بین الصوبائی لوگوں کو نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے اس مسئلہ پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا جس پر سابقہ ڈی سی نے مقامی افراد کی داد رسی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے مگر مقامی لوگ پلاٹ کی پرچیاں ہاتھ میں لئے آج بھی رل رہے ہیں۔

جبکہ ایک غیر مقامی آصف بٹ نامی شخص نے مقامی لوگوں کے نام پر مانبر اسکیم کے پچاس پلاٹ ملی بھگت کرکے ہتھیا لئے۔ انہوں نے کہا کہ مانبر اسکیم کے علاوہ سنگار اسکیم فیز فائیو کے پلاٹ بھی اندرون خانہ تقسیم اور فروخت کئے جارہے ہیں، گوادر میں موجود ہر ادارہ مقامی لوگوں کی حق تلفی کررہا ہے لیکن افسوس کہ یہاں سے منتخب ایم پی اے، ایم این اے اور سنیٹر خاموش تماشائی بن بھیٹے ہیں۔

یہ نمائندے مقامی لوگوں کو انصاف کی فراہمی کی بجائے لوٹ کھسوٹ میں شراکت داری کررہے ہیں۔ ایم پی اے اور سنیٹر نے گوادر کی بیشتر اراضی اپنے اور اپنے دوستوں کے نام کئے ہیں۔

نیب ان لوگوں کی چوری پکڑنے کی بجائے اس میں خود ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر مقامی لوگ جن مسائل کا شکار ہیں اس کے ذمہ دار ایم پی اے گوادر اور نیشنل پارٹی ہے۔ حیرت ہے کہ سابقہ وزیر اعلی اور موجودہ ایم پی اے گوادر باڑ منصوبے سے بے خبری کا اظہار کررہے ہیں جو سفید جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عوامی نمائندوں سے خیر کی توقع رکھنا عبث ہے۔

ایم پی اے عوام کی حق نمائندگی کو اداکرنے سے قاصر ہوگیا ہے۔ عوام ایسے نمائندوں کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو مانبر اسکیم میں ترجیح دی جائے اگر ضلعی انتظامیہ نے مزید لیعت و لعل سے کام لیا تو پی ٹی آئی بدستور احتجاج کرے گی۔