|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2021

کوہلو: میڈیکل نشستوں میں غیر لوکلز افراد کی کوہلو کے کوٹے پر منتخب ہونے کے خلاف متاثرہ طلباء کا احتجاجی کیمپ چوتھے روز میں داخل ہوگیا متاثرہ طلباء کا غیر لوکلز کی لوکل کینسل ہونے تک احتجاجی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان تفصیلات کے مطابق میڈیکل نشستوں میں کوہلو کے کوٹے پر غیر مقامی افراد کو کامیاب قرار دینے کے خلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب کوہلو (ر)کے سامنے متاثرہ طلباء نے احتجاجی کیمپ لگا کر دھرنا دیا۔

اس موقع پر سیاسی مذہبی جماعتوں ،طلباء تنظیموں سول سوسائٹی کے نمائندوں، عمائدین کوہلو نے مختلف وفود کی صورت میں احتجاجی کیمپ آکر یکجہتی کا اظہار کیا اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر میر اسرار زیب مری ،سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ میر جلیل مری کی سربراہی میں وفد نے احتجاجی طلباء کے کیمپ میں آکر یکجہتی کا اظہار کیا ان کے ہمراہ میر شاہ زمان مری۔

پاکستان تحریک انصاف اور آئی ایس ایف کے عہدیداران ڈاکٹر مراد مری ،اصغر مری ،زیب مری ،جمیل مری تھے جبکہ وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ضلعی صدر نوروز مری کی سربراہی میں احتجاجی کیمپ میں بیٹھے طلباء سے یکجہتی کا اظہار کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب،سندھ و دیگر صوبوں کے افراد کی میڈیکل نشستوں میں کامیابی پر کوہلو کے طلباء کی حق تلفی ہوئی ہے ۔

جعلی لوکلز کی بھر مار سے یہاں صدیوں بسنے والے اقوام کے ساتھ ناانصافی اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے ۔علاوہ ازیں نیشنل پارٹی ،بی این پی عوامی ،جمیعت علمائے اسلام سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں ،طلباء تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت سماجی کارکنوں نے کیمپ میں آکر یکجہتی کا اظہار کیا ۔