|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2021

پشین: صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 20پشین III میں 16فروری کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے دفتر ضلعی الیکشن کمشنر پشین میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عبداللہ، ریٹرننگ آفیسر محمد احسن،ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفسران ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر زیارت غلام یٰسین، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہرنائی عباس علی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر پشین عالیہ نذر نے شرکت کی ۔ صوبائی الیکشن کمشنر کو ضمنی انتخابات کی تیاریوں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے بریفنگ کے بعد ضمنی انتخابات کی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر کو تاکید کی کہ تمام امور کو مقررہ وقت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔ حلقہ پی بی 20پشین III میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے بتایا کہ حلقے کی حدود سے مقررہ سائز سے متجاوز تمام بینرز اور پینا فلیکسز کو اتروا دیا گیا ہے۔

اور امیدواروں کا اجلاس طلب کرکے تمام امیدواروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مقررہ احکامات پر مکمل عملدرآمد کریں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ انتخابات کی شفافیت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواران اور دیگر عناصر کیخلاف انتخابی قوانین کے تحت سخت سے سخت کارروائی کرے گا اور اس ضمن میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔