|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2021

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی صدارت میں دوسرے روز بھی محمد شہی ہاوس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیمی اور سیاسی فیصلے کئے گئے نیشنل پارٹی نے سینٹر کبیر محمد شہی کی سینٹ میں بلوچستان و بلوچ عوام کے سیاسی و معاشی حقوق کے لیے بھر پور آواز بلند کرنے اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے پارٹی کی پالیسیوں اور فیصلوں کو مقدم رکھا ۔

بلوچ عوام بلوچستان کے تمام مکاتب فکر کی بھر پور انداز میں نمائندگی کرتے ہوئے اپنی پوری صلاحتیں استعمال کئے نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت اور سیاسی کارکن نمایاں کارکردگی پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کبیر محمد شہی سینٹ میں نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر تھے ان کی خالی نشست پر پارٹی کے سینئر رہنما اور دانشور میر طاہر خان بزنجو کو سینٹ میں پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو فعال و متحرک کرنے میں پارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا پی ڈی ایم پاکستان کے جمہوری سیاسی جماعتوں کا ایک اتحاد ہے جو ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام، پارلیمنٹ کی بالادستی اور انتخابی عمل میں بے جاہ مداخلت کے خلاف وجود میں آیا ہے اس کا برقرار رہنا ملک کے عوام کے لیے ضروری ہے۔جھالاوان میڈیکل کالج کو بند کرنے کی بلوچستان حکومت کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بلوچستان کے دیگر تعلیمی اداروں کے خلاف ہونے والے سازشوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گا۔

برج عزیز خان ڈیم کی تعمیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس ڈیم سے نوشکی اور ضلع چاغی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں عوام کے مفادات کے پیش نظر ایسی اسکیمات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جس سے عوام کے مفادات کو نقصان پہنچے۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سوشل میڈیا کے بہتر ا ستعمال کے لیے مرکزی و صوبائی سکریٹرز کو ہدایات دیے گئے کہ وہ مختلف اضلاع میں سوشل میڈیا کنونشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور تمام ریجنل سکریٹرز کو فعال و متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

نیشنل پارٹی نے اسٹیل مل کو بند کرنے اور ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کے عوام دشمن اقدام کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور اسٹیل مل مزدور یونینو ں سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پارٹی مزدوروں کے مفادات و حقوق کا علمبردار ہے۔

اور سیاسی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ساتھ رہے گی۔نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے عبدالغفار ہوت، حسین اشرف، ملک اسماعیل کی شہادت اور اسلم جتک کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔