|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2021

تربت: نیشنل پارٹی کیچ اوربی ایس اوپجارتربت زون کے زیراہتمام ایس ای کیسکو کی صارفین کے ساتھ زیادتیوں، غیرقانونی اقدامات وغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا، احتجاجی مظاہرہ کے شرکاء نے نیشنل پارٹی کے دفتر سے نعرے بازی کرتے ہوئے تربت چوک پر مظاہرہ کیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ کیسکو کی زیادتیوں سے تنگ آکر۔

نیشنل پارٹی نے عوام کی آواز بن کر احتجاج کا فیصلہ کیاہے کیونکہ کیسکو کی غیرقانونی اقدامات سے عوام بیزارہوچکے ہیں، اگرکسی فیڈریاٹرانسفارمر پر100لوگ بل جمع کرتے ہیں اور چند ایک بل جمع نہ کریں توپورے فیڈر اورٹرانسفارمر کومنقطع کرنا معمول بن چکاہے،گھوڑا میٹر لگاکر عوام کی خون پسینہ کی کمائی کوچوسا جارہاہے یہ ایسے میٹرہیں کہ جنہیں کہیں بھی لوگوں نے نصب کرنے نہیں دیا۔

یہ میٹر کیچ کے لوگوں پر تھونپ دئیے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ ایران ہمیں سستی بجلی دے رہاہے مگرہمیں مہنگی دی جارہی ہے، دشت، ہوشاپ، کولواہ بجلی سے محروم کردی گئے ہیں، بلیدہ وناصرآبادمیں 4،4گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے،اس قیامت خیزگرمی میں عوام کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے مگریہاں قانون الٹاہے،برداشت کی بھی حدہوگئی ہے ہم نے چارٹرآف ڈیمانڈ پیش کیاہے۔

اگراس پرعملدرآمدنہ ہواتو آئندہ مزید سخت لائحہ عمل طے کیاجائے گا جس میں بھوک ہڑتال، شٹرڈاؤن، پہیہ جام ودیگر احتجاج شامل ہوں گے، انہوں نے کہاکہ باپ پارٹی بلوچستان کے عوام کومختلف حربوں سے ہراساں وپریشان کررہی ہے ایک طرف بارڈر بند کرکے لوگوں کے منہ سے نوالہ چھینا گیاہے بجلی نہیں دیتے، صوبہ بھرکے ملازمین گزشتہ کئی دنوں سے ہڑتال واحتجاج پرہیں۔

مگر ان کے جائز وقانونی مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جو انتہائی قابل مذمت اورباعث شرم ہے، نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے صدرمشکور انوربلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے شانداراحتجاج پرکیچ کے غیورعوام کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جوکیسکو کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف میدان میں نکلے ہیں، یہاں کے عوام پر ایک ایسے افیسرکومسلط کیاگیاہے۔

جس کے غیرقانونی، غیرآئینی اور غیرانسانی سلوک سے عوام تنگ آچکے ہیں مگر نیشنل پارٹی اپنے عوام کوکسی صورت تنہانہیں چھوڑے گی، نیشنل پارٹی اپنے عوام کی ترجمانی کرے گی اورہرمشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں ہزاروں ملازمین احتجاج پرہیں مگر لوگ اپنا جائز حق مانگتے ہیں مگر سلیکٹڈ حکمران ان کے جائز مطالبات حل کرنے میں چشم پوشی کررہے ہیں۔

انہوں نے آل پارٹیز، انجمن تاجران، تربت سول سوسائٹی، کیچ بارایسوسی ایشن، مکران ہائی کورٹ بار ودیگر طبقات سے تعلق رکھنے والوں کا شکریہ اداکیا جنہوں نے نیشنل پارٹی کے احتجاج کی حمایت کی ہے، بی ایس اوپجارکے مرکزی وائس چیئرمین بوہیر صالح، نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدرطارق بابل، تحصیل تربت کے صدریونس جاوید اور تحصیل آبسرکے صدر اقبال بلوچ نے کہاکہ ایس ای کیسکو مکران کی غنڈہ گردی حد سے تجاوز کرگئی ہے۔

ایس ای کیسکو مکران بلا جواز مکران کے عوام کو اذیت سے دو چار کررہا ہے گرمیوں کے موسم میں ایس ای کیسکو یہاں کے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ مکران میں بلاجواز غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ، بجلی بل کی ادائیگی نہ کرنے کا بہانہ بہاکر فیڈروں کی بجلی منقطع کرنا ایس ای کیسکو کا مشغلہ بن چکا ہے ایک صارف کی طرف سے بجلی کا بل نہ دینے پر ایک علاقے کے تمام صارفین کی بجلی کٹ کرنے کا عمل ایس ای کیسکو کی غنڈہ گردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کیچ کو لاوارث سمجھا گیاہے مگر ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ کیچ لاوارث نہیں ہے نیشنل پارٹی اپنے عوام کے حقوق کاتحفظ کرے گی، نیشنل پارٹی ایسے بدمعاشوں سے عوام کا جان چھڑاکر رہے گی۔