|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2021

تربت: ہوشاپ واقعہ کی میڈیکل رپورٹ آگئی، جنسی زیادتی کے ثبوت نہ مل سکے، دس سالہ متاثرہ بچے کے بھائی نے رپورٹ مسترد کردی، بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر آج ریلی نکالی جائے گی۔ ضلع کیچ کے تحصیل ہوشاپ میں گزشتہ روز مبینہ طور پرفورسز کے اہلکاروں کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والے دس سالہ بچے کی میڈیکل رپورٹ آگئی جس کے مطابق بچے میں جنسی زیادتی کے کوئی میڈیکل ثبوت سامنے نہیں آیا۔

دریں اثناء متاثرہ بچے کے بھائی نے میڈیکل رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے چھوٹے بھائی کو برہنہ کرکے جنسی درندگی کا نشانہ بنایا گیا اور میڈیکل رپورٹ بنا کر کیس کوخراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، انہوں نے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت کے میڈیکل رپورٹ کو مسترد کردیا، ہسپتال کے ایک ذمہ دار میڈیکل افسر کے مطابق بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

مگر ان کو واقعہ کے چھ سے آٹھ گھنٹے کے بعد نہا دھو کر ہسپتال لایا گیا جس کی وجہ سے میڈیکل رپورٹ منفی آئی، بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ نے ہوشاپ میں دس سالہ بچے کی سیکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں مبینہ جنسی زیادتی کے خلاف آج پبلک لائبریری لاء کالج سے شہید فدا چوک تک ریلی نکالی جائے گی، یکجہتی کمیٹی کی طرف سے تمام انسان دوست سیاسی و سماجی افراد سے ریلی میں شریک ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔