|

وقتِ اشاعت :   September 29 – 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان کی کرکٹ کے خلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ کے چیئرمین این واٹمور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ بورڈ کا تھا، اس معاملے پر کھلاڑیوں سے مشاورت نہیں کی گئی۔

این واٹمور کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ فیصلے سے پاکستان میں لوگ مایوس ہوئے، پاکستان کے ساتھ تعلقات نئے سرے سے بنانے ہیں، اگلے سال پاکستان کے شیڈول ٹور کے حوالے سے جو ہو سکا ہم کریں گے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے معذرت کر لی تھی۔