|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ لاہور کی عدالت شہباز گل کو تلاش کر رہی ہے، وہ نظر نہیں آ رہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے جھوٹے کیس کو ایک سال سے زیادہ ہو گیا، ابھی تک اس کیس کی تفتیش مکمل نہیں ہو سکی۔

عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف تفتیش مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہی، 3 سال پہلے جو الزام نیب نے لگائے تھے، ان پر نیب کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ اور شہباز پر ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہ ہو سکی، نیب کوئی رشوت، یا کک بیک ثابت نہیں کر سکا۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ عدالت نے پوچھا کہ کیا پیش رفت کی؟ چالان عدالت میں جمع کیوں نہیں ہو سکا؟ مگر نیب کے پاس عدالت کے سوال کا جواب نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی سچائی برطانوی عدالت میں بھی ثابت ہو گئی، احتساب کا جھوٹا نعرہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں ایک کے بعد ایک کیس میں سرخرو کر رہے ہیں۔