|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2021

ملک بھر میں حالیہ مہنگائی کے بعد ایک بڑا خدشہ یہ ہے کہ ملاوٹ مافیا خوردنی اشیاء کو عام مارکیٹ میں سستے داموں فروخت کرسکتے ہیں اور بڑے پیمانے پر اس کاروبار کو وسعت دینے کے لیے نیٹ ورک کا جال بچھاتے ہوئے پورے ملک میں اس کی سپلائی کرینگے یہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوگا ۔ایک طرف مہنگائی تو دوسری جانب عوام کی زندگیاں داؤ پر لگ جائیں گی کیونکہ عام لوگ اس مہنگائی کے دور میں سستی اشیاء خریدنے پر زیادہ زور دیتے ہیں تاکہ ان کے گھر کا چولہا دو وقت کم ازکم جل سکے ۔بدقسمتی سے مہنگائی پر قابو پانے کی بجائے آئے روز اشیاء خوردنی کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں اور کوئی ایسا میکنزم بھی دکھائی نہیں دے رہا کہ جلد مہنگائی پر قابو پالیاجائے گا۔

اس لیے ضروری ہے کہ ملک بھر میں فوڈ اتھارٹی کو مکمل فعال کیاجائے، اگر عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا تو ملاوٹ مافیاکو ان کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران یہ دیکھنے کو ملا ہے کہ ملک بھرمیں فوڈ اتھارٹیز کام کررہی ہیں مگر ان کی کارروائیاں اتنی نہیں کہ جتنی ملاوٹ شدہ اشیاء مارکیٹ میں موجود ہیں ،اس کی بڑی وجہ خفیہ گودام ہیں جن کا سراغ لگانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے۔ اگر ضلعی آفیسران اس حوالے سے غفلت برتیں گے تو بڑے پیمانے پر لوگوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

یہ بات بھی واضح ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جس کی ایک وجہ فوڈ پوائزننگ سمیت غیر معیاری غذائی اجناس ہیں لہٰذا اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں تو اس حوالے سے بہت زیادہ خطرات موجود ہیں۔ گزشتہ روز نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اور بی ایف اے کے تعاون سے کوکنگ آئل فورٹیفیکیشن پراسیسز، کوالٹی اشورنس اور کوالٹی کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کاکہنا تھا کہ غذائی اجزاء کی کمی قکے تدارک کیلئے فوڈ فورٹفیکیشن بہترین و کارآمد حکمت عملی ہے، فوڈ فورٹفیکیشن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی و دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو تکنیکی معاونت کی فراہمی بارے نیوٹریشن انٹرنیشنل (این آئی) کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری و غذائیت سے بھرپور اشیاء کی فراہمی کیلئے پوری طرح متحرک ہے، اس ضمن میں اب تک مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے کی بناء پر متعدد کمپنیوں کی ناقص اشیاء بشمول غیر معیاری کوکنگ آئل کی فروخت پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، انہوں نے کہا کہ بی ایف اے مستقبل قریب میں ملاوٹ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ فوڈ فورٹفیکیشن کے حوالے سے بھی سنجیدہ اقدامات جبکہ بلوچستان فوڈ فورٹیفیکیشن ایکٹ کے باقاعدہ نفاذ کے بعد اس کے اطلاق کیلئے بی ایف اے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی تاکہ لوگوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو عام خوراک کے ذریعے ضروری غذائی اجزاء کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔یہ ایک اچھااقدام ہے اور امید ہے کہ عام شہریوں تک معیاری غذائی اجناس پہنچائی جائیں گی مگر اس کے ساتھ ساتھ خفیہ گوداموں کا سراغ بھی لگایاجائے جو اس مہنگائی کے دور میں عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور غیر معیاری غذائی اجناس فروخت کررہے ہیں لہٰذا ایک میکنزم تیار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ طور پراس پر کام کیاجائے تاکہ عام شہریوں تک معیاری غذائی اجناس کی فراہمی ممکن ہوسکے۔