|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2021

 لاہور: چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سیاست میں خود کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھے ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو برباد کردیا، پاکستان میں لوٹی ہوئی دولت واپس دلانا بہت مشکل کام ہے، عوام کو چاہیے کی سرمایہ کاری سے پہلے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تحقیق کرلیاکریں، اپنےچارسالہ دورمیں پوری ایمانداری سے کام کیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ چارسال میں1470ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائرکرائے، ریفرنسز کا فیصلہ کرنا احتساب عدالتوں کا کام ہے، ریفرنسز کا فیصلہ کرنا میرے اختیار میں ہوتا تو کبھی کبھی سالہاسال نہ لگتے، مجھے جتنا برا بھلا کہیں، الزام تراشی کریں، نیب نے جو جنگ شروع کی وہ جاری رہے گی۔

جاویداقبال کا کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا کہ ریکوری کے پیسے کہاں جاتے ہیں، ریکوری کرنسی کی شکل میں نہیں ہوتی کہ آئیں آپ کو بلا کر کہیں بیٹھ کر نوٹ گنتے ہیں، اربوں روپے کی زمینوں کا قبضہ چھڑایا گیا، گندم ریکور کی گئی، گوادرسےکھربوں روپےکی زمیں ریکورکرائی، نیب نےڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ریکوری کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھاہواہے، چائےکی پیالی میں طوفان لانےوالےاپنےمقصدمیں کامیاب نہیں ہوسکے۔

چیئرمین نیب جاویداقبال نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست میں اپنے آپ کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں، اور وہ نیب کی بنیاد پر زندہ ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ ہم نے ان سے پوچھا کہ آپ نے اربوں کھربوں کی منی لاڈرنگ کیوں کی، کچھ لوگ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے کہ ان سے بلاکر منی ٹریل مانگی جائے گی۔ پاپڑ والا، گنڈیری والا اتنے امیر کیسے ہوگئے۔