|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2022

اوستہ محمد: کمانڈر12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،

بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ ہر ضلع میں ریلیف کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں جس میں سیلاب زدگان کیلئے خوراک،پانی،سکول،بجلی سمیت تمام تر سہولیات دی جا رہی ہیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو پاک فوج کی جانب سے سیلاب زدگان ریلیف کیمپ اوستہ محمد کا دورے کے موقع پر سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران بات چیت کر تے ہوئے کہی۔کمانڈر12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے پاک فوج کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں سیلاب زدگان سے ملاقات کے دوران انہیں ریلیف کیمپ میں ہر سہولیات فراہم کر نے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک،ایس ایس پی جعفرآباد جواد طارق اسسٹنٹ کمشنر اوستہ محمد ساگر کمار سمیت ضلع کے تمام آفیسران بھی موجود تھے۔ کمانڈر12 کورلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے لگائے گئے ریلیف کیمپ،میڈیکل کیمپ،سکول اور خیموں کا جائزہ بھی لیا۔

لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے سیلاب سے متاثرہ ہر ضلع میں ریلیف کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں جہاں پر سیلاب زدگان کیلئے ہر سہولیات دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کے گھر سیلاب میں بہہ گئے ہیں ان کیلئے یہ کیمپ بنائے گئے ہیں اور جن کے گھروں کی دیواریں اور چھتیں گر چکی ہیں ان کو گھر وں میں خیمے دیئے جا رہے ہیں تا کہ وہ اپنے گھر میں خیموں میں رہ کر گھر بنوا سکیں۔