|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2023

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے والد نواز شریف اور نہ میں انتقام پر یقین رکھتی ہوں اور نہ ہی کبھی اس کا سہارا لیتی ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ عمران خان کا نوازشریف سے متعلق بیان ان کی ذہنی پستی کی علامت ہے، عمران خان کے گناہ اور زیادتیاں ان کا پیچھا کر کے اسے ستارہی ہیں۔ پی ٹی آئی چیئر مین کابیان نوازشریف کےخلاف انکےغلط کھیل کااعتراف ہے۔ خاص طور پر انہیں عہدے سے ہٹایا جانا۔

 

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے لیگی نائب صدر نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ (عمران خان) بنیادی طور پر جو کہہ رہا ہے وہ یہ ہے اس نے ہمارے ساتھ جو کیا وہ اتنا غلط تھا کہ اس کا قدرتی نتیجہ بدلہ ہونا چاہیے تھا۔ تاہم نہ نواز شریف اور نہ میں انتقام پر یقین رکھتی ہوں اور نہ ہی کبھی اس کا سہارا لیتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ لیکن ہاں، ہم الہی انتقام پر یقین رکھتے ہیں اور بالکل وہی ہے جو ہم دیکھ رہے ہیں۔ شاعرانہ انصاف اس کے لیے ایک اور جملہ ہے۔ بنی نوع انسان کے لیے یہ سبق ہے۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں ن لیگ کی مرکزی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ شہیدوں کا لہو کسی فرد کا نہیں، قوم کا قرض ہوتا ہے، ملک کا فخر اور مٹی کی امانت ہوتا ہے۔ جو اس کی بےقدری کرے وہ صرف غدار ہوتا ہے۔

عمران خان اور پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے لکھا کہ تھو ہے سیاست دان کے بھیس میں چھپے غداروں پر۔