|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2023

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ شہید کبھی نہیں مرتے بلکہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں قوم وطن عزیز کی راہ میں جانیں نثار کرنے والے شہداء کی مقروض ہے یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مناسبت سے لیویز ہیڈکواٹر کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موت برحق ہے اور جنہوں نے شہادت حاصل کی انہیں اللہ تعالیٰ نے بڑا رتبہ دیا ہم اس دنیا میں اللہ تعالی کی مرضی سے آئے ہیں۔

اور اللہ تعالیٰ کی مرضی سے ہی واپس جائیں گے وزیر اعلیٰ نے لیویز فورس کے شہداء کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے لیویز فورس کا بنیادی کردار ہے اور لیویز فورس کے اس اہم کردار کو مزید بہتر بنایا جائے گا لیویز فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر دم تیار ہے اور بلوچستان میں لیویز فورس سب سے زیادہ اہم ہے اس فورس کی استعداد کار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مناسبت سے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔

لواحقین کی نگہداشت اور دیکھ بھال ہماری اولین ذمہ داری ہے جبکہ شہداء کے لواحقین کے لیے مالی معاونت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور حکومت شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایف سی ہیڈ کوارٹر نارتھ کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ کا ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل چودھری امیر اجمل نے استقبال کیا وزیراعلیٰ کی آئی جی ایف سی سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ نے ایف سی کیمپ مسلم باغ میں گزشتہ دنوں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی ایف سی سے دہشت گردی کے واقعہ کے شہداء کے لیے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

اور شہداء کے درجات کی بلند ی کے لیے فاتحہ خوانی کی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایف سی کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایف سی کی خدمات اور کردار قابل تحسین ہے ملاقات میں امن امان کی صورتحال سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے صوبائی اداروں کے مابین مربوط روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا ملاقات میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں آج اگر ہمارے ملک میں امن و امان کی فضا ہے تو اس کا سہرا بھی ہمارے سکیورٹی اداروں کو جاتا ہے کہ جنہوں نے ہر قسم کی مشکلات اور مسائل کے باوجود دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور ملک اور خصوصاً صوبے میں امن و امان کے قیام میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

یوم تکریم شہداء پاکستان کی مناسبت سے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر آج ہم سکون سے سوتے ہیں تو اس میں ہماری بہادر افواج، ایف سی، پولیس لیویز اور عوام کی بے پناہ قربانیاں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں حالات اس قدر خراب ہوگئے تھے کہ ہم اپنوں کی فاتحہ کے لئے بھی نہیں جا سکتے تھے لیکن یہ ہماری سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں ہیں کہ آج امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہیں ۔

ہم نے پی ایس ایل کا نمائشی میچ پولیس کے تعاون سے کروایا اور ابھی نیشنل گیمز کا انعقاد بھی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے کروایا جا رہا ہے اگر آج یہ تمام اہم ایونٹس ہم کروا رہے ہیں تو اس میں بلاشبہ ہماری بہادر افواج پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کا ثمر ہے اور اگر ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو بھول جائیں تو یہ بہت بڑی نا انصافی ہوگی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے شہداء اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمیں ان کے خاندانوں کا بھی احساس ہے اور ان کی طرف سے جب بھی کوئی مطالبہ آیا ہے تو میں نے بغیر کسی تاخیر کے ان کے مطالبے پر فوری عمل درآمد کے احکامات صادر کئے ہیں ہم نے شہداء کی فیملیوں کے لئے حکومت کی جانب سے مالی معاونت 300 گنا بڑھا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کوئی پاکستانی فورس کی وردی پہن لیتا ہے تو وہ سوچتا ہے کہ اب وہ اس ملک کے دفاع اور استحکام کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری فورسز کے جوانوں اور افسروں نے ہر محاذ پر پوری ہمت بہادری اور جوانمردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور یہ ان کی لازوال قربانیاں ہیں کہ ہمارے صوبے میں امن قائم ہے اور ہم نے دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنے ہی لوگوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا جاتا رہا ہمیں مذہبی اور لسانی منافرت کا سامنا رہا اور ہمیں ایک مسلح جدوجہد دیکھنی پڑی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بندوق اٹھا کر کوئی احتجاج نہیں کرتا اور پاکستان وہ واحد ملک ہے جو بندوق اٹھانے والے کو بھی گلے سے لگاتا ہے ۔

ہمارے پڑوس میں ایک ایسا ملک بھی ہے کہ جہاں اگر کوئی شخص ملک کے خلاف بات کرے تو اسے مار دیا جاتا ہے لیکن ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا ہمارے خلاف جو بھی پلان کیا گیا ہم نے اسے اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں اور فورسز کی قربانیوں سے شکست دی اور تمام تخریبی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا اور الحمدللہ آج ہم ایک پر امن بلوچستان میں رہ رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے صوبے میں پرامن بلدیاتی انتخابات کروائے اور یہ انتخابات ہم نے پولیس اور لیویز کے تعاون سے کروائے کیونکہ سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کے باعث صوبے امن قائم ہوچکا ہے بلدیاتی انتخابات میں نہ تو کہیں کوئی سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا اور نہ ہی کسی سیاسی پارٹی کو سپورٹ کیا گیا انہوں نے کہا کہ میں نیاس بلدیاتی انتخابات کے دوران اپنے حلقے آواران کا بھی دورہ نہیں کیا کیونکہ میں کسی طور پر بھی بلدیاتی انتخابات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہتا تھا انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت خدا کے ہاتھ میں ہے ہم سب نے ایک دن ضرور مرنا ہے یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن وہ خوش نصیب ہیں جو شہید کا درجہ پاتے ہیں جو شہید ہو جاتے ہیں وہ ملک اور قوم اور اپنے خاندان کے لیے بھی فخر کا باعث بنتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خوف سے جینا نہیں ہے کوئی کسی کو مار نہیں سکتا نہ کوئی تنظیم نہ کوئی دہشت گرد کسی کی جان لے سکتا ہے زندگی اور موت کے فیصلے اللہ تعالی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ 2013 میں آواران سے الیکشن لڑ کے آیا جسے نو گر ایریا تصور کیا جاتا تھا لیکن میں نے تہیہ کر رکھا تھا کہ اگر ایمان مضبوط ہو تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سے نہیں گھبراتے کیوں کہ ہمارا ایمان ہے کہ موت ایک دن آنی ہے وزیر اعلٰی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز ہمارے لئے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں اور ہم ان کی کردار کشی کر رہیطہیں ہم نے اس حوالے سے جس طرح کا رویہ اپنایا ہے وہ ایک پاکستانی کے لیے قطعی مناسب نہیں ہے میں اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں کسی ایک انفرادی واقعہ کو پورے فورس کے ساتھ جوڑنا نامناسب ہے۔

کیونکہ ہم نے ان کے مورال کو بلند کرنا ہے نہ کہ کمزور کرنا ہے یہ رویہ قابل مذمت ہے اور یہ ہمارا شیوہ نہیں ہے ان چیزوں سے باز آجانا چاہئے کیونکہ ایسے واقعات سے ہمارے دلوں کو ٹھیس پہنچتی ہیں انہوں نے تمام شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گیباور کسی بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا نہیں ہوگی وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے بے۔

پناہ قربانیاں دی ہیں وزیر اعلی نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی کی تجویز سے متعلق پروپوزل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی تقریب سے کمانڈر 12 کور آصف غفور، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے بھی خطاب کیا تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیائاللہ لانگو چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ صالح محمد ناصر دیگر پولیس عسکری اور سول حکام نے بھی شرکت کی قبل وزیراعلء نے پولیس شہداء یادگار پر حاضری دی پھول چڑھا او ر فاتحہ خوانی کی۔