|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2023

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ‘پرائم منسٹر یوتھ پروگرام’ کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران وزیراعظم نے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کرکے پروگرام کا آغاز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔ ماضی میں لاکھوں قابل، اہل اور محنت کرنے والوں کو لیپ ٹاپس دیے گئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دے رہا ہوں، کلاشنکوف نہیں۔ ہم نے اپنے ہر دور میں میرٹ کو ترجیح دی۔ کوئی شک نہیں آج ہزاروں بچے اعلیٰ مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، میرا دل چاہتا ہے کہ قوم کے ہر بچے کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی محنت سے ہمسایہ ملک کو پیچھے چھوڑیں گے۔ دیہات میں زرعی قرضوں کیلئے 5 ارب روپے رکھے ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے وژن پر وزیراعظم شہباز شریف نے پھر سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آج پھر سے آغاز ہو رہا ہے۔ یہ پروگرام نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی، تعلیم، ہنر سے آراستہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔