|

وقتِ اشاعت :   September 9 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ دنیا بڑی تیزی سے اپنی کروٹیں بدل رہی ہے، انسانوں کے درمیان فاصلے سمیٹتے جا رہے ہیں۔

قلم و کاغذ کے ساتھ انسان کا لازوال رشتہ ہمیشہ کیلئے ختم ہونے والا ہے اور اب زندگی کو بدلتی جدید ٹیکنالوجی کے باعث وقت و زمان کے تقاضے بھی بدل چکے ہیں.

ایسی صورت میں اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور بچوں کے ذہنوں کو دنیا کی جدید تحقیق اور تخلیق سے روشن نہ کیے تو یاد رکھنا ہم بہت جلد مقابلہ کی دوڑ سے بھی نکل جائیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع قلعہ سیف اللہ تحصیل مسلم باغ میں ایک عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر داخلہ کیپٹن(ر) زبیر جمالی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) صالح ناصر، سابق رکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ، سردار آصف خان سرگڑھ، بلدیاتی نمائندے، ڈپٹی کمشنر یاسر بازی اور ڈی پی او اصف غلزئی بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان نے ضلع قلعہ سیف اللہ تحصیل مسلم باغ میں ایک عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کی صورتحال کو دیکھ کر یہ محسوس نہیں ہوتا کہ یہاں پر پچھلے بیس سال میں کچھ ترقیاتی کام ہوئے ہیں.

مسلم باغ اور اس سے متصل علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی، سڑکوں کی خستہ حالی اور صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے. انہوں نے کہا کہ یہ علاقے کے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف سابق عوامی نمائندوں کا احتساب کریں

بلکہ آنے والے الیکشن میں بھی سوچ سمجھ کر بلا تعصب و نفرت صرف عوام دوست افراد کو ووٹ دیں. انہوں نے کہا کہ میرے آج کے دورے کا مقصد مسلم باغ اور اس سے متصل علاقوں کے معروضی حالات اور عوامی مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا ہے.

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ مذہبی مدارس میں جدید اصلاحات لانے کیلئے شعوری کاوشیں کر رہے ہیں. گورنر بلوچستان نے سرکاری ذمہ دار آفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اصلاح احوال کے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے. گورنر بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسلم باغ کے مضافاتی علاقوں میں امن و امان کی بہتری، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، خستہ حال سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت اور صحت و صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے فوری اقدامات اٹھائیں۔