|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2023

کوئٹہ: نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرامیرمحمد جوگیزئی نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ڈاکٹرزاوردیگر اسٹاف کسی بھی رعایت کا مستحق نہیں ہے۔

انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے پیر کو سابق رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، سردار نجیب سنجرانی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت کارڈ کی سہولت کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ غریب عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات میسرآسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دور دراز علاقوں میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ،پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگرعملے کی اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں ڈیوٹی سے غیر حاضرعملے کے خلاف قانون کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں غیر فعال سرکاری ہسپتالوں کو فعال بنانے کیلئے وہاں کنٹریکٹ پرڈاکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ ہسپتالوں کو فعال بنایاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے وہاں عوام کے مسائل کا جائزہ لیکرانہیں حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔