|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2023

کوئٹہ ؛ نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الیکشن کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

انتظامی افسران کی تقرری و تبادلے بھی الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق ہورہے ہیں الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے حوالے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے اس کے باوجود بلوچستان میں مختلف محکموں میں سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے ۔

جا سے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھ رہا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان کو فوری طور پر ہونے والے بھرتیوں پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن عمل کو منصفانہ اور شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس عمل سے ایک جانب شفاف انتخابات کا عمل مشکوک اور متاثر ہورہا ہے دوسری جانب اقربا پروری و رشوت ستانی کا ایک بازار گرم ہوچکا ہے۔ جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ نگران حکومتوں کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ہدایات کی روشنی میں صاف شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد کراہیں ان کو یہ حق قطعی طورپر حاصل نہیں کہ وہ سابق حکمرانوں کے تجاویز کردہ افراد کی بھرتیوں کے لیے راستہ ہموار کریں۔ سرکاری نوکریوں کو سیاسی رشوت کے طورپر استعمال ہونے سے بچایا جائے۔

جان محمد بلیدی نے واضع کیا ہے کہ اس مقصد کے لیئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان کو پارٹی کی جانب سے تحریری طورپر آگاہ بھی کردیاگیا ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں ۔

کہ تمام سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کا سلسلہ فوری طورپر روک دیا جائے۔ الیکشن کے عمل کو صاف و شفاف اور منصفانہ بنانے میں کردار ادا کریں۔