|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2023

کوئٹہ؛۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اتوار کوخضدار کی تحصیل وڈھ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران تحصیل وڈھ کی کشیدہ صورتحال، صوبے کے تازہ سیاسی حالات اور خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ تحصیل وڈھ کی ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے.

علاقائی سطح پر کاروباری زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی، بچے اور عورتیں ذہنی کوفت مبتلا ہیں، طالب علم اور مریض کئی مشکلات سے دوچار ہیں. اگر حالات کو سازگار بنانے کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پورا صوبہ نئے خطرناک خدشات سے دو چار ہو سکتا ہے، گورنر بلوچستان نے عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی آولین ذمہ داری ہے موجود کشیدہ صورتحال اور تحصیل وڈھ کے حوالے سے پائی جانی والی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور پائیدار حل کی جانب لے جانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کر دیا کہ یہاں پر آباد اقوام اور قبائل مزید قبائلی جھگڑوں، نفرتوں اور تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتے. گورنر بلوچستان نے تمام سیاسی اکابرین، دینی علماء کرام، مشائخ اور سرکردہ سماجی و قبائلی شخصیات پر زور دیا کہ پورے صوبے اور عوام کے مفاد کی خاطر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔