|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2023

گوادر : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ملک میں قانون کی حکمرانی جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

قانون کی حکمرانی کے بغیر ریاستیں نہیں چل سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر گوادر بار کے ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کے لئے وکلا کا اہم کردار رہا ہے

اور اب بھی ہے وکلاء معاشرے کی کریم ہیں جو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا کردار اداکر رہے ہیں وکلا کی جدوجہد کو فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جو ملک میں جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ پاکستان میں جمہوری نظام رائج ہے

اور کسی بھی جمہوریت میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے اس کے بغیر ریاست نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں طویل مارشلاؤں نے جمہوری اقدار کو کمزور کیا ہے لیکن اس کے خلاف ملک کی جمہوریت پسند قوتوں نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے

جس میں وکلا نے بھی ہر اول دستے کا کردار اداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تک حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہوسکتی جب تک ملک میں قانون کی اصل حکمرانی قائم نہ ہو اور آئین کو مقدس تصور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو آگے بڑھنے کے لئے پیشہ ورانہ اور کوالٹی ایجوکیشن کی ضرورت ہے جس کے حصول کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا

شعور اور آگاہی سے ہی درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر گوادر بار کے صدر ایڈوکیٹ محمد صدیق زعمرانی، جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ نعیم شریف اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما واجہ ابوالحسن نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں گوادر بار پہنچنے پر گوادر بار کے صدر ایڈوکیٹ محمد صدیق زعمرانی اور گوادر بار کے دیگر ارکان نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا۔
 

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جیونی میں نیشنل پارٹی کے رہنما سابقہ تحصیل ناظم اکرم رمضان کی رہائش گاہ پر اجتماع سے خطاب سے کرتے ہوئے کہا کہ

نیشنل پارٹی یوسف عزیز مگسی،میر غوث بخش بزنجو،شہید فدا احمدبلوچ،شہید مولا بخش بلوچ،شہید ایوب بلیدی کی جدوجہد کا تسلسل ہے،بلوچ عوام کو سیاسی بنیادوں پر منظم ہونا پڑے گا،چیلنجز کا سامنا متحد اور منظم پارٹی ہی کرسکتا ہے،مشرف کے دورِ آمریت میں ایک جنگ مسلط کیا گیا،اقتدار میں آنے کے بعد جنگ کو روکنے،لاپتہ افراد کی بازیاب کیلئے اقدامات کا آغاز کیا گیا تھا،اور مذاکرات میں ہم کامیابی کے قریب پہنچ گئے تھے،دوبارہ اقتدار میں آکر مذاکرات کا آغاز کریں گے

،نیشنل پارٹی نے ضلع گوادر میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اجتماعی اسکیمات پر ترجیح دے کر سوڈ ڈیم کی تکمیل،سوڈ ڈیم سے گوادر شہر تک پائپ لائن منصوبہ،شادی کور ڈیم کی تکمیل،جیونی،پشکان پروٹیکشن وال کی تعمیر شامل ہیں،انہوں نے کہاکہ عوام نیشنل پارٹی کو موقع دیں،نیشنل پارٹی اجتماعیت پر یقین رکھتے ہوئے

بلوچستان کی سیاسی و معاشی ترقی کیلئے منشور تیار کر رہی ہے،سرحدی تجارت یہاں کے عوام کی روزگار کا واحد ذریعہ ہے،روزگار پر قدغن لگا کر عوام کو معاشی بدحالی کی جانب دھکیلنا کہاں کی دانشمندی اور عقلمندی ہے،انہوں نے کہاکہ گوادر کے عوام سرحدی تجارت میں بھرپور حصہ لیکر اپنی معاشی استحکام کیلئے کوششوں کو جاری رکھیں۔

نیشنل پارٹی مکران ڈویژن کے ریجنل سیکریٹری واجہ ابوالحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی امید کی کرن ہے،مسلط شدہ ٹولہ اقتدار میں آکر لوٹ مار کا بازار گرم کرتے ہوئے اجتماعیت اورمعاشرہ کیلئے زہر بن جاتا ہے۔عوام نیشنل پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے آئندہ الیکشن میں نیشنل پارٹی کو موقع دیں۔

اجتماع سے بی ایس او پجار کے مرکزی چیئرمین بوہیر صالح، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عبدالغفورہوت،سنٹرل کمیٹی کے ممبر اشرف حسین،بابو گلاب،خواتین رہنما طاہرہ خورشید،جیونی کے آرگنائزر علی صالح بلوچ نے خطاب کیا,قبل ازیں جیونی پہنچنے پر اکرم رمضان کی قیادت میں قائدین کا گرمجوشی سے شاندار استقبال کیا گیا۔