|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ

کوئی بھی قومی تحریک فکری رہنمائی کے بغیر کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی،فکری رہنمائی اور عملی جدوجہد کے اشتراک سے ہی مقررہ ہدف کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے یہ موقع ہمیں ان نظریات کی یاد دلاتا ہے جن کا پرچار علامہ محمد اقبال اپنی ولولہ انگیز شاعری اور مذہبی افکار کے ذریعے اپنی تمام زندگی اسلام کی سربلندی، مسلمانوں کی بہتری اور ترقی کیلئے کرتے رہے

وہ ہمیشہ دنیابھر کے مسلمانوں کے اتحاد، یکجہتی اور ان کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے بڑے جذبے سے کام کرتے رہے گورنر بلوچستان نے کہا کہ انکی فکر انگیز شاعری نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا بلکہ دیگر ممالک میں رہنے والے مسلمانوں پر بھی اس کا اثر ہواانہوں نے کہا کہ

حقیقت تو یہ ہے کہ امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ان کا پیغام آج بھی دعوت عمل اور رہنمائی فراہم کرتا ہے. اس موقع پر ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہم نہ صرف ان کے پیغام کو سمجھیں بلکہ اس پر عمل بھی کریں. انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے اپنی فکر انگیز شاعری کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے عوام میں ایک نئی روح پھونکی جس سے عظمت رفتہ بحال ہونے میں مدد ملی.