|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2024

اسلام آباد:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے آج 6 بینکوں کے ساتھ بی آئی ایس پی کے 9.3 ملین مستحق گھرانوں میں رقوم کی تقسیم کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس تقریب میں چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، سیکرٹری بی آئی ایس پی جناب عامر علی احمد، شراکت دار بینکوں کے سربراہان اور بی آئی ایس پی کے ترقیاتی شراکت دار موجود تھے۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر، بی آئی ایس پی صرف دو بینکوں کی خدمات استعمال کر رہا تھا اور ان کے معاہدوں کی میعاد کچھ سال پہلے ختم ہو چکی تھی۔ نئے ادائیگی کے نظام کے تحت بی آئی ایس پی کوسالانہ 2 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ 15 کلسٹرز میں 6 بینک بی آئی ایس پی کے مستحقین کو خدمات فراہم کریں گے۔ بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، موبی لنک مائیکرو فنانس، ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک، حبیب بینک لمیٹڈ، اور ایچ بی ایل مائیکرو فنانس کے ذریعے وسیع تر شراکت داری کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینکوں کے اشتراک سے مستحقین کی آگاہی اور شکایات کے ازالہ کا نظام بھی تشکیل دیا گیا ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اپنے خطاب میں پسماندہ افراد کی بہتری کے لیے اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “عہدے سے قطع نظر، بطور انسان اور پاکستا نی شہری، ہمیں اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کرنے چاہئیں۔

اپنی خواتین سے محبت اور احترام کے ذریعے، ہم ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے عزت نفس اور شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے کے سب سے کمزور افراد کی خدمت کے مشن میں شامل تمام فریقین کے عزم کو مستحکم کیا ہے۔ تقریب میں بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندگان کے ساتھ بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، حبیب بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایل مائیکرو فنانس، موبی لنک مائیکرو فنانس اور ٹیلی نار مائیکرو فنانس کے اہم نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کے بعد شراکت دار بینکوں کے نمائندگان اور بی آئی ایس پی کی جانب سے ڈی جی NSER جناب نوید اکبر نے معاہدوں کے دستاویزات پر دستخط کیے۔