|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2025

امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی نازک ہے، جموں و کشمیر کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے امریکا سمیت، عالمی برادری کو مسلسل کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے سفارتخانے میں ملاقات کے موقع پر کہی۔

سینئر سویلین اور فوجی افسران پر مشتمل وفد کے ساتھ امریکا کے نیئر ایسٹ ساؤتھ ایشیا سینٹر فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ 

اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کے لیے رضوان سعید شیخ نے امریکی مداخلت کو سراہا اور کہا کہ موجودہ جنگ بندی نازک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے امریکا سمیت، عالمی برادری کو مسلسل کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

انہوں نے بھارت پر واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ اقدامات علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہوں گے۔ 

ٹرمپ انتظامیہ سے تعلق کے بار ے میں سفیر پاکستان نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کا نیا دور مضبوط اقتصادی تعلقات سے عبارت ہے۔