|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2025

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ ملک سے جمہوریت ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اپنے حق، اپنے لیڈر اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہر شہری کا جمہوری حق ہے۔

اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی جماعت کے کارکنوں نے اتنی قربانیاں نہیں دیں جتنی پی ٹی آئی کارکنوں نے دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پرامن ریلی پر گولیاں چلیں گی، سیاسی جماعتوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت ہے یا نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت رہے گی، آئین اور قانون کی بالادستی قائم کریں گے، عدلیہ کی آزادی اور ایماندار نظام کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پارلیمنٹ میں صرف وہ لوگ آنے چاہئیں جو عوامی حمایت سے منتخب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف آئندہ کا جمہوری اور عوامی لائحہ عمل بہت جلد دے گی، پی ٹی آئی ان تمام جمہوری الائنسز کا ساتھ دے گی جو آئین، قانون اور انصاف کی بات کریں گے۔