|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2025

ایران کے صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے۔

 اپنے پہلے دورہ پاکستان میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان لاہور پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، جہاں ان کا استقبال سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا، پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایران کا وفد شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دے گا، لاہور بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، آج ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت بھی دی جائے گی۔

یاد رہے کہ مسعود پزشکیان گزشتہ دو برسوں میں پاکستان کا دورہ کرنے والے دوسرے ایرانی صدر ہیں، یہ دورہ دراصل جولائی کے آخری ہفتے میں طے تھا۔

اپریل 2024 میں سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا، یہ دورہ ابراہم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات سے ایک ماہ قبل کیا گیا تھا، اس دورے کے دوران انہوں نے لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کیا تھا۔

گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی صدر کے سیاسی مشیر مہدی سنائی نے کہا تھا کہ ’ڈاکٹر مسعود پزشکیان ہفتے کی شام 11 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔‘

انہوں نے لکھا تھا کہ’ پاکستان اور ایران کے تعلقات سیاسی، اقتصادی، مذہبی اور ثقافتی پہلوؤں پر محیط ہیں اور اس دورے کے مقاصد میں صوبائی و سرحدی تعاون کو فروغ دینا اور دوطرفہ تجارت کو موجودہ 3 ارب ڈالر سے بڑھانا شامل ہے۔’