اصفہان: امریکی میڈیا کے مطابق اصفہان میں اسلحہ ذخائر کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے تہران میں میزائل بنانے والی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں تقریباً 40 اسلحہ سازی اور تحقیقاتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جن میں میزائل تیاری سے متعلق تنصیبات بھی شامل ہیں۔
ادھر اصفہان میں ہونے والے شدید دھماکوں کی ویڈیو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔ امریکی اخبار کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ حملے میں 2000 کلوگرام وزنی بنکر بسٹر بم اور زیرِ زمین تنصیبات کو تباہ کرنے والا گولہ بارود استعمال کیا گیا۔
رپورٹس میں اصفہان پر بمباری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کے آغاز کے بعد اب تک کی سب سے خطرناک کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے اصفہان کے قریب ایم کیو نائن ریپر ڈرون مار گرایا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایران اب تک 146 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر چکا ہے، جبکہ نگرانی اور حملوں کے لیے استعمال ہونے والے ریپر ڈرون کی مالیت تقریباً 30 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔
Leave a Reply