کراچی: شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، جس میں محکمہ موسمیات کے افسران، ماہرین فلکیات اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام بھی شریک تھے۔
اس کے علاوہ چاند دیکھنے کے لیے ملک کے دیگر شہروں میں زونل اور صوبائی کمیٹیوں کے بھی اجلاس بھی ہوئے جس میں ملک کے مختلف حصوں سے شوال کے چاند سے متعلق جمع ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی اور زونل کمیٹیاں موصول ہونے والی شہادتوں کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جس کے بعد کراچی میں موجود مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے جائزہ لیا اور شوال المکرم کا چاند کا حتمی اعلان مفتی منیب الرحمان نے کیا۔
واضح رہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے قمری کیلنڈر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں 29 روزے اور 5 جون بروز بدھ کو عیدالفطر منائی جائے گی جب کہ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا تھا کہ آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے گذشتہ روز چاند کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد وہاں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی گئی۔