|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2020

گلگت بلستان کے علاقے یلبو میں پہاڑی پر موڑ کاٹتے ہوئے مسافر کوسٹر دریا میں جا گری جس سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار بدقسمت کوسٹر راولپنڈی سے اسکردو جارہی تھی جس میں 25 افراد سوار تھے۔

موڑ کاٹتے ہوئے کوسٹر بے قابو ہو کر دریا میں جاگری جبکہ 5 مسافر کوسٹر کے دریا میں گرنے سے قبل اس سے باہر گر کر شدید زخمی ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ مذکورہ حادثہ علی الصبح پیش آیا جس میں 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ دریا میں بقیہ لاشوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

اسکردو کے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے تصدیق کی کہ حادثے میں 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے اور جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر سے بھی مدد لی گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں موسم کی شدت کے باعث گلگت میں برفانی تودے گرنے سے 5 فوجی جوانوں سمیت کئی افرادجاں بحق ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 22 ستمبر 2019 کو گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے بابوسر ٹاپ پر تیز رفتار بس کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں 10 فوجی اہلکار سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔

قبل ازیں 8 اگست کو گلگت کے علاقے جگلوٹ میں ایک ہی خاندان کی 5 خواتین کپڑے دھونے کے دوران دریائے سندھ میں ڈوب گئی تھیں۔

اس ضمن میں بتایا گیا تھا کہ ’خواتین دریا کے کنارے پر کپڑے دھو رہیں تھیں کہ اس دوران ایک خاتون کا پاؤں پھسلا اور وہ دریا میں جا گریں‘، اس دوران دیگر رشتے دار خواتین نے ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کی اور وہ تمام دریائے سندھ میں ڈوب گئیں۔