سائبیریا: روس میں مسافر بردار طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں پیرا شوٹرز کو لیکر جانے والا مسافر بردار طیارہ انجن میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے جنگل میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران درخت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔
امدادی کاموں کے دوران طیارے کے ملبے سے 9 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 11 افراد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تنائی ایئر فیلڈ سے پرواز بھرنے والے طیارے میں 17 پیرا شوٹرز اور پائلٹ کے علاوہ عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے پیرا شوٹرز کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ طیارے کے زندہ بچ جانے والے عملے کے ارکان کا کہنا ہے کہ حادثہ طیارے کا ایک انجن فیل ہوجانے کے باعث پیش آیا۔