اسرائیل کے شمال میں واقع شہر بیسان کی جیل سے کڑے پہرے میں علی الصبح 6 فلسطینی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ تمام فلسطینی ایک سرنگ کے راستے فرار ہوئے جو انہوں نے خود کھودی تھی۔ اسرائیلی پولیس کی جانب سے فوجی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فرار ہوئے قیدیوں کی تلاش کے لیے علاقے کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ابتدائی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ فرار ہونے والے تمام چھ قیدیوں کا تعلق مغربی کنارے میں جنین سے ہے اور وہ ممکنہ طور پر مغربی کنارے کے شمال میں داخل ہونے میں کامیاب ہو چکے ہوں گے۔
مفرور فلسطینیوں میں سے پانچ کا تعلق اسلامی جہاد تنظیم اور ایک کا تعلق فتح موومنٹ سے ہے۔ ایک اسرائیلی نیوز ویب سائٹ کے مطابق یہ تمام قیدی عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اس طرح فلسطینی قیدیوں کا فرار ہونا اسرائیلی فوج اور اسرائیل کے پورے نظام کے منہ پر سخت طمانچہ ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس سروسز پولیس کے ایک بڑے آپریشن میں شامل ہیں تاکہ ان افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ پولیس نے بتایا کہ سرچ آپریشن میں ڈرون اور ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی جانب سے کھودی گئی سرنگ کی لمبائی درجنوں میٹر تک جا پہنچتی ہے۔ سرنگ کے دہانے کا انکشاف جیل کی بیرونی دیوار کے باہر چند میٹر کے فاصلے پر ہوا۔