امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی، آئی ایم ایف کی غلامی کیلئے ایک پیج پر ہیں۔
لاہور میں گورنرہاؤس کے باہر دھرنے کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ زرداری کی طرح بلاول کو یا نواز شریف کی طرح مریم نواز کو وزیراعظم بنانے کا نہیں، ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ قوم مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے۔
اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا عندیہ دیتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی اور گیس کے بلوں میں ٹیکس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور مہنگائی ختم کرنے کے اقدامات کرے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی بلوں میں شامل ٹیکس فوری واپس لے، ہم غریبوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کا میٹر کاٹنے والے کے ہاتھ توڑ دیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ نئے چیف جسٹس سے بڑی توقعات ہیں، امید ہے وہ غریب پر ظلم کا جواب دیں گے۔