وزیراعظم شہباز شریف نے نام لیے بغیر بظاہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے جلسے ،جلوسوں اور انتشار کی سیاست مسترد کرکے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جلسوں کے لیے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جلسے 2028 میں کریں گے، ابھی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے محنت کرنے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے، سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے، سیاسی استحکام کے لیے قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے نجات کی ضمانت ثابت ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاشی چیلنج، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے قوم، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کو بہت وقت ضائع ہوچکا ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی، مساوی ترقی کے لیے بھرپور ساتھ دینے کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔