وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر بلیک میلنگ کررہا ہے اور نہ اس پر یقین رکھتا ہے، جوہری صلاحیت دفاع کیلئے ہے، مودی اپنے بیانات سے گھر میں اٹھا طوفان روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مین بی ایل اے اور طالبان بھارت کی پراکسیز ہیں، پاکستان کا بھارت کے اندرونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان نے اپنے دفاع میں جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی کے لیے پاکستان سے جنگ ایک ڈراؤنا خواب بن گئی ہے، مودی کو خواب میں بھی پاکستان اور پاک فوج نظر آتی ہیں، بھارت مین مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، مودی پر کانگریس،چھوٹی ریاستوں کے عوام بھی تنقید کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان نیوکلیئر بلیک میلنگ کررہا ہے نہ اس پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت دفاع کےلیے ہے، مودی اپنے بیانات سے گھر میں اٹھا طوفان روکنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں جبکہ نریندر مودی کے ہاتھوں بھارت اپنا مقام کھو چکا ہے۔