|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2016

راولپنڈی :  پاک فو ج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں ٗ پاک فوج ہمیشہ پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اتریگی۔ جمعرات کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی ٗشرکاء کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ٗ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردی پر قابو پایا ٗ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آخری مرحلے میں داخل ہورہا ہے۔ہم پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف سازشوں سے آگاہ ہیں، اقتصادی راہداری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیزکی واپسی کی رفتار پراظہار اطمینان کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہی ہے‘ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں، الحمدللہ پاک فوج نے پوری قوم کے عزم سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بہادر قبائل کی غیر متزلز ل حمایت لائق تحسین ہے‘انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فاٹا میں عارضی طور پرنقل مکانی کرنے والوں کی بروقت ‘با عزت واپسی اور بحالی یقینی بنائی جائے۔دریں اثناء پاکستان ایئر فورس کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) اختتام پذیر ہو گئی اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) جمعرات کے روز اختتام پذیر ہوئی ۔ اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سربراہ پاک نیوی ایڈمرل ذکا اللہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور چیئر مین جوانٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور کامیاب مشقوں کے انعقاد کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پیشہ ورانہ امور کی بجا آوری میں فوج کا دیگر فورسز سے قریبی تعاون ہے اور تینوں فورسز کے درمیان ایک زبردست کو آرڈینیشن موجود ہے جو ملکی دفاع کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس طرح کے مشقوں سے پاک فضائیہ کے اپریشنل تیاریوں میں بھرپور مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ ہر طرف سے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے۔ انسداد دہشتگردی کے لئے فوجی مشقوں کا اہم کردار ہے۔ باہمی تعاون کا بھرپور مظاہرہ ضرب عضب میں دیکھنے کو ملا۔ مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں نے ملک سے دہشتگردی ختم کرنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا کہ فوجی مشقیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ جدید دور میں پاک فضائیہ کا کردار قابل فخر اور قابل تعریف ہے۔ اس طرح کے مشقوں سے ہمیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملتی ہے۔