راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہر منگل یہاں آتا ہوں لیکن افسوس کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، حالات بدلنے کے لیے ملاقات کی بھیک مانگتا ہوں، 2025 گزر گیا اب تو حالات بدلنے چاہئیں۔
اڈیالہ جیل کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا آج ہم جو ملاقات کی بھیک مانگ رہے ہیں اس میں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنوں کا بھی ہاتھ ہے۔ میں یہ کہتا ہوں کہ تحریک اپنی جگہ وہ جس شدت سے بھی چلے لیکن مذاکرات کو کوئی متبادل نہیں۔حالات جیسے تقاضے کر رہے ہیں مذاکرات ویسے نہیں ہو رہے۔ صاحبِانِ اقتدار سے گزارش کرتا ہوں کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اُن کی فیملیز کی ملاقاتیں کروا دیں،
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صاحب اقتدار سے درخواست کرتا ہوں کہ حالات کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دل بڑا کریں، اس ملک کے قوم کے بچوں پر رحم کریں۔