|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2017

اسلام آباد: پاناما کیس میں جے آئی ٹی کے سربراہ کے لیے ایف آئی اے کے 3 ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز کے نام بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سربراہ کے انتخاب کا فیصلہ سپریم کورٹ کے معزز ججزپر چھوڑا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ کے لیے 3 ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز کے نام بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیگریشن واجد ضیاء، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کیپٹن (ر)احمد لطیف اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل اکنامک کرائم ونگ ڈاکٹر شفیق کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق واجد ضیاء اور احمد لطیف پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ہیں جب کہ ڈاکٹر شفیق پولیس سروس کے گریڈ 20 کے افسر ہیں جنہیں وائٹ کالر کرائم کی تفتیش کا وسیع تجربہ ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے عدالت نے وائٹ کالر کرائم کا تجربہ رکھنے والے افسر کا نام جے آئی ٹی کی سر براہی کے لیے مانگا تھا۔