|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2017

بہاول پور: بہاولپور احمد پور شرقیہ کے قریب نیشنل ہوئے وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کے بعد آگ لگنے سے دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں142فرادجھلس کرجاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔

وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

زرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے المناک حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر پھٹنے کا واقعہ قومی شاہراہ پر پل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے سلپ ہونے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور بڑی تعداد میں لوگ پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے،اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

جس کے نتیجے میں142افراد جاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ڈی سی او بہاولپور سلیم افضل کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اب تک142افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے اور ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈی سی او نے بتایا کہ ٹینکر الٹنے کے بعد وہاں قریبی دیہات سے لوگ اکٹھے ہو کر تیل جمع کر رہے تھے کہ ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔

آگ لگنے سے شاہراہ پر سفر کرنے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکل بھی آگ کی لپیٹ میں آئے ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق زخمیوں کو احمد پور شرقیہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہاولپور اور ملتان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوں اور بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمیوں کو برن سنٹرز منتقل کرنے کے لیے پاکستانی فوج نے چار ہیلی کاپٹر فراہم کر دئیے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے، امدای کارروائیوں میں پاک فوج کے جوانوں نے بھی حصہ لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان کی شناخت ڈی این اے کے بغیر ممکن نہیں۔زخمیوں کو بہاولپور وکٹوریہ اسپتال سمیت قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب وکٹوریہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے، ہسپتال میں زخمیوں کیلئے دستیاب سامان کم پڑگیا ہے جبکہ زخمیوں کیلئے دیگروارڈز خالی کرائے گئے۔وکٹوریہ ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس حوالے سے ایم ایس وکٹوریہ ڈاکٹرطاہرہ سعید کا کہنا ہے کہ وکٹوریہ اسپتال میں 67 افراد شدید جھلسے ہوئے لائے گئے ہیں جبکہ زخمیوں کوسی ایم ایچ سمیت دیگراسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔حادثے سے متعلق موٹروے پولیس کا کہناتھا کہ آگ لگنے سے قبل اہلکاراور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے ۔

لیکن پیٹرول جمع کرنیوالوں نے ان کی ایک نہ سنی اور پھر وہ ہوا جو کسی قیامت سے کم نہ تھا ۔ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے 100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 50کے قریب افراد کو مقامی اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا گیاجبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

ا حمد پو ر شر قیہ میں آئل ٹینکر کے المنا ک حا دثے میں انسانی جانوں کے ضیا ع پر صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف ‘ چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ ‘ عمران خان ‘ سابق صدر آصف علی زرداری ‘ بلال بھٹو زرداری ‘ سابق صدر پرویز مشرف ‘ مسلم لیگ (ق ) کے صدر چودھری شجاعت حسین ‘ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ‘ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ‘ میاں محمد شہباز شریف اور صوبوں کے وزراء اعلی سمیت گورنرز ‘ اعلی سیاسی و عسکری شخصیات نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کی ہے ۔

اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں انہوں نے کہا کہ عید سے قبل اس واقعے نے پوری قوم کو شدید دھچکا پہنچایا ہے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور کہا کہ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے آئل ٹینکر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر جتنا افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔

ہم دکھ اور الم کی اس گھڑی میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں ، وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر حادثے میں زخمی ہونے والوں کیلئے بہترین طبی سہولیات کے اقدامات کرے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت اہم سیاسی رہنماؤں نے بھی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہلخانہ کو صبر کی تلقین کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا اور حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب ، ملک احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں100کے قریب افراد زخمی ہیں ، 25سے 30 افراد 80فیصد سے زائد جھلسے ہیں ،حادثہ بہت بڑاہے،قریبی تحصیلوں سیبھی عملہ بلوالیا گیا ہیجبکہ شہری دفاع کے محکمے بھی جائے وقوعہ پر ریسکیو سروس دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی ٰپنجاب کاہیلی کاپٹرزخمیوں کواسپتال منتقل کرنیکے لئے دیدیاہے۔